اے پی این ایس ویمن پبلشنگ کمیٹی کی وفد نے ڈی جی پریس اینڈ انفارمیشن سے ملاقات کی، اشتہارات اور بقایا جات کے مسائل پر تبادلہ خیال
اسلام آباد، 12 نومبر 2025: آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کی ویمن پبلشنگ کمیٹی کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل پریس اینڈ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، ارم تنویر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ماہنامہ دستک کی چیئرپرسن اور ایڈیٹر انچیف فوزیہ شاہین نے کی، جبکہ وفد میں روزنامہ نوسج کراچی کی چیف ایڈیٹر زاہدہ عباسی اور روزنامہ مومل کی ایڈیٹر انچیف حسینہ جتوئی بھی شامل تھیں۔
ملاقات کے دوران وفد نے پرنٹ میڈیا اور اُردو جرائد کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے اشتہارات کے منصفانہ اجراء، نرخوں، اور بقایا جات کی ادائیگی کے امور پر ڈی جی پی آئی ڈی کو آگاہ کیا۔ ارم تنویر نے وفد کے مسائل کو توجہ سے سنا اور ان کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے جرائد کی حمایت حکومت کی ترجیح میں شامل ہے اور جلد ان مسائل کو حل کیا جائے گا۔
اسی طرح، وفد نے ڈائریکٹر انفارمیشن سندھ یوسف کابورو سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پرنٹ میڈیا اور اردو جرائد کو اشتہارات کے اجراء اور بقایا جات کی ادائیگی سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یوسف کابورو نے یقین دہانی کرائی کہ خواتین پبلیشرز کے جرائد کو اشتہارات کا اجراء اولین ترجیح ہے اور بقایا جات کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔
وفد نے ڈی جی پی آئی ڈی حکومت پاکستان اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشن سندھ کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ خواتین پبلیشرز کے مسائل جلد حل ہوں گے۔
Comments are closed.