بھارت میں متنازع شہریت ایکٹ پر عملدرآمد کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا
نئی دہلی(این این آئی)بھارت کے وزارت داخلہ امور نے متنازع شہریت (ترمیمی) ایکٹ 2019 پر عملدرآمد کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق شہریت (ترمیمی) ایکٹ کی شقوں کا اطلاق 10 جنوری سے شروع ہوچکا ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری انیل ملک کے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا 10 جنوری 2020 سے مذکورہ ایکٹ کی دفعات نافذ العمل ہوں گی۔خیال رہے کہ بھارت کی لوک سبھا اور راجیا سبھا نے متنازع شہریت ترمیمی بل منظور کر لیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں خصوصاً ریاست آسام میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔علاوہ ازیں 9 جنوری کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو متنازع شہریت قانون کے نفاذ پر سخت احتجاج کے باعث بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اپنا آسام کا دورہ منسوخ کرنا پڑگیا تھا۔یاد رہے کہ متنازع قانون کے خلاف پرتشدد مظاہروں میں کم از کم 25 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔