سیکرٹری اطلاعات حکومت بلوچستان عمران خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس محکمہ اطلاعات کے دفتر میں منعقد ہوا

17

کوئٹہ 9 جولائی ۔سیکرٹری اطلاعات حکومت بلوچستان عمران خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس محکمہ اطلاعات کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر جنرل نور کھیتران سمیت ضلع کوئٹہ کے تمام بیوروچیفس نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ضلع کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور سرگرمیوں کی موثر انداز میں رپورٹنگ کو یقینی بنانا تھا۔اجلاس میں تمام بیوروچیفس نے حکومت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کی اور ان کی زمینی سطح پر پیش رفت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ترقیاتی کاموں میں پائی جانے والی ممکنہ خامیوں، رکاوٹوں اور عوامی شکایات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے کہا کہ صحافیوں کا کردار ترقیاتی عمل کو شفاف اور موثر بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بیوروچیفس پر زور دیا کہ وہ جہاں ترقیاتی سرگرمیوں کو اجاگر کریں، وہیں اگر کوئی خامی، کوتاہی یا بہتری کی گنجائش ہو تو وہ تجاویز کی صورت میں حکومت کے سامنے لائی جائیں تاکہ عوامی مفاد میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اطلاعات صحافیوں کے ساتھ رابطے کو مضبوط بنانے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

Comments are closed.