عبدالوہاب میر نے بطور ڈائریکٹر ایجوکیشن بلتستان ریجن چارج سنبھال لیا۔ خطے میں معیاری تعلیم کے نئے باب کی امید

18

سکردو: محکمہ تعلیم گلگت بلتستان کے سینئر اور باصلاحیت افسر عبدالوہاب میر نے بلتستان ریجن کے نئے ڈائریکٹر ایجوکیشن کی حیثیت سے باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے۔ اس موقع پر سابق ڈائریکٹر بلتستان ریجن ذوالفقار علی نے ایک تقریب کے دوران رسمی طور پر چارج ان کے حوالے کیا۔

عبدالوہاب میر کو تعلیمی میدان میں ان کے طویل تجربے مؤثر قیادت اصلاحاتی وژن اور مثالی نظم و نسق کے حوالے سے ایک ممتاز مقام حاصل ہے۔ وہ محکمہ تعلیم کے اندر مختلف کلیدی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں جن میں تعلیمی منصوبہ بندی اساتذہ کی تربیت اسکولوں کی نگرانی اور تعلیمی اصلاحات شامل ہیں۔ ان کی قیادت میں کئی تعلیمی منصوبے کامیابی سے ہمکنار ہوئے جنہیں نہ صرف ضلعی بلکہ علاقائی سطح پر سراہا گیا۔

بلتستان ریجن میں ان کی تعیناتی کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تعلیمی ماہرین اور متعلقہ حلقوں کا ماننا ہے کہ عبدالوہاب میر کا ویژن بلتستان کے تعلیمی نظام کو درپیش چیلنجز کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ تعلیمی معیار کی بہتری اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ طلبہ کے لیے سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی اصلاحات کی راہ ہموار کریں گے۔

عبدالوہاب میر نے چارج سنبھالنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم کو علاقے کی ترقی کا بنیادی ستون سمجھتے ہیں اور ان کی کوشش ہو گی کہ بلتستان میں ہر بچے کو معیاری تعلیم تک یکساں رسائی حاصل ہو۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ محکمہ تعلیم کی ٹیم کے ساتھ مل کر تعلیمی اداروں کو مزید فعال، شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔

Comments are closed.