مشرق وسطی میں کشیدگی خطے کے امن کیلئے خطرہ ہوگی، پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے،عائشہ فاروقی

0 31

اسلام آباد (این این آئی)ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں کشیدگی خطے کے امن کیلئے خطرہ ہوگی، پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے،خطے میں تناؤ میں کمی اور امن کے لئے کوششوں کی گنجائش موجود ہے،وزیر خارجہ کے دوروں کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیںمقبوضہ وادی میں لاک ڈائون کو 158 دن ہوگئے ہیں اور 80 لاکھ لوگ بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں،امید ہے سفارتکاروں کو مقبوضہ وادی کے دورے کے موقع پر حریت قیادت سے ملنے کی اجازت ہوگی۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مشرق وسطی کی صورتحال پر پالیسی بیان دے چکے ہیں، کشیدگی خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔عائشہ فاروقی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں لاک ڈائون کو 158 دن ہوگئے ہیں اور 80 لاکھ لوگ بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدام کو پوری دنیا میں مخالفت کا سامنا ہے، بھارت غیر ملکی سفارتکاروں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سفارتکاروں کو مقبوضہ وادی کے دورے کے موقع پر حریت قیادت سے ملنے کی اجازت ہوگی۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم نے عالمی دنیا کومقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے،کرتار پور راہداری کھولنا وزیراعظم کا وڑن ظاہر کرتا ہے، پاکستان مخالف بھارتی پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں۔ ایک سوال پر ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ایران سمیت دیگر ممالک کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں، خطے میں حالیہ کشیدہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، پاکستان خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا اس لئے قیام امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے ، خطے میں تناؤ میں کمی اور امن کے لئے کوششوں کی گنجائش موجود ہے۔ وزیر اعظم نے وزیر خارجہ کو متعلقہ وزرائے خارجہ سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر خارجہ کے دوروں کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.