پاکستان خطے میں امن واستحکام کا داعی ہے، کسی نئی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا،فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد (این این آئی)وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کا داعی ہے، کسی نئی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی پر اپنے بیان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو ایران، سعودی عرب اور امریکا کا دورہ کرنے اور متعلقہ وزرائے خارجہ سے ملاقات کی ہدایت خطے میں قیام امن اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہماری متحرک سفارتکاری اور اقوام عالم میں ذمہ دار جمہوری ریاست ہونے کا ثبوت ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا داعی ہے، وزیرِ اعظم عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کسی نئی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔انہوں نے کہا کہ جنگ خطے اور دنیا کے مفاد میں نہیں، مشرقِ وسطیٰ میں امن سے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کی راہ ہموار ہو گی۔وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا اور عالمی امن کے مفادمیں اپنا مثبت کردارادا کرتا رہے گا۔