بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ناقص بیکری مصنوعات کے خلاف بھرپور کارروائیاں، متعدد بیکرز سیل، بھاری جرمانے عائد

18

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 07 نومبر 2025

 بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مضر صحت اور غیر معیاری بیکری مصنوعات کے خلاف خصوصی مہم دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہی۔ بی ایف اے ٹیموں نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں اور سبی شہر میں مجموعی طور پر 62 بیکریوں اور بیکنگ یونٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔

معائنوں کے دوران صفائی کی ناقص صورتحال، باسی و زائد المعیاد اجزاء، زنگ آلود مشینری اور غیر معیاری مصنوعات کے استعمال پر 4 بیکرز کو سیل کیا گیا جبکہ 24 بیکری مالکان پر مختلف وجوہات کی بنیاد پر جرمانے عائد کیے گئے۔ معمولی نقائص کی نشاندہی پر 18 بیکریوں کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔

بی ایف اے ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران مضر نان فوڈ کلرز، ایکسپائرڈ اجزاء اور غیر معیاری بیکری مصنوعات کی بڑی مقدار ضبط کر لی۔

ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے کہا کہ صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے کی ہدایت کے مطابق تمام زونل ٹیموں کو غیر معیاری خوراک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی صحت سے متعلق معاملات میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ناقص بیکری مصنوعات کی فراہمی کے مکمل خاتمے کے لیے کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں ٹیمیں متحرک ہیں۔

وقار خورشید عالم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معیاری و محفوظ بیکری مصنوعات کے استعمال کو یقینی بنائیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں۔

Comments are closed.