استا محمد میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس — ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کا تفصیلی جائزہ

20

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

استا محمد، 7 نومبر — ڈپٹی کمشنر استا محمد محمد رمضان پلال کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں جمالی اقوام کے چیف سردار محمد ہارون خان جمالی، ایف سی کے کیپٹن حمزہ، ایس ایس پی غلام حسین باجوئی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی جمالی، بوائز و گرلز ڈگری کالجز کے پرنسپل صاحبان اور مختلف محکموں جیسے ایریگیشن، بی اینڈ آر، لوکل گورنمنٹ، خزانہ، ایکسائز و اسپیشل برانچ کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ہیلتھ، ایریگیشن، ایجوکیشن، خزانہ، پولیس اور دیگر محکموں کی جانب سے پیش کردہ ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس دوران فوڈ گودام کی نیلامی کے بعد گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی تعمیر کی منظوری سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے، منفی سرگرمیوں کی روک تھام کی جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت، ان کی حفاظت، اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں تاکہ ضلع میں ترقی اور عوامی خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر اہم انتظامی و ترقیاتی امور پر غور کیا گیا اور متعلقہ محکموں کو دی گئی ہدایات پر فوری و مؤثر عملدرآمد کی تاکید کی گئی۔

Comments are closed.