
اسلام آباد (این این آئی)بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی اور سالانہ گوشواروں میں تضاد معاملہ پر بلاول بھٹو زر داری کے وکلاء نے دستاوزات جمع کرانے کیلئے مزید ایک ماہ کا وقت مانگ لیا ۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی ۔بلاول بھٹو کی جانب سے بیرسٹر شیراز الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔ انہوکںنے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو بیرون ملک ہیں،دستاویزات جمع کرانے کیلئے مزید وقت دیا جائے۔بلاول بھٹو کے وکلاء نے دستاویزات جمع کرانے کیلئے مزید ایک ماہ کا وقت مانگ لیا۔ ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی نے کہاکہ آپ کو پہلے ہی کافی ٹائم دے چکے ہیں، مکمل دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں، مزید ایک ماہ کا وقت نہیں دے سکتے، دستاویزات میں کمی بیشی کو کلیئر کرائیں۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 2 مارچ تک ملتوی کر دی گئی



