پاکستان اور ترکیہ کے وزراءتجارت کی ملاقات، دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق
استنبول۔3نومبر :وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے سٹینڈنگ کمیٹی فاراکنامک اینڈ کمرشل کواپریشن آف دی ارگنائزیشن آف دی اسلامک کواپریشن )کے 41 ویں اجلاس کے موقع پر استنبول میں ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات سے ملاقات کی۔ پیر کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزرا نے برادر ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور دوطرفہ اقتصادی روابط کو بڑھانے کی اپنی حکومت کی شدید خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ترکیہ تجارتی مذاکرات کے آئندہ دور کے دوران پاکستان کی تجاویز کا احسن طریقے سے جائزہ لے گا۔وفاقی وزیر جام کمال خان نے اپنے ترک ہم منصب کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان کی جانب سے کارکردگی، شفافیت کو یقینی بنانے اور نظام میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے کی جانے والی اصلاحات اور اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان متعدد شعبوں میں ترک سرمایہ کاری کے لیے ایک امید افزا منزل کے طور پر ابھر رہا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر بولات نے حلال تجارت اور متعلقہ صنعتوں میں تعاون کو گہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر جام کمال خان کو 25 نومبر سے استنبول میں منعقد ہونے والی آئندہ حلال ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دی۔دونوں اطراف نے موجودہ شراکت داری کو مضبوط بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی میں تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
Comments are closed.