قطر اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ ہوگیا
قطر اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ ہو گیا، باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط ترکیہ میں کیے گئے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ اور قطر خلیجی خطے میں جنگ کی دوبارہ واپسی روکنے، مذاکرات کی راہ ہموار کرنے اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ فریقین کو اپنے مسائل سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر آمادہ کرنا ضروری ہے۔
رجب طیب اردوان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان استنبول میں ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اردوان نے کہا کہ ترکیہ اور قطر کے درمیان طے پانے والا باہمی دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال نافذ العمل ہونے والے تجارتی و اقتصادی شراکت داری کے معاہدے نے دونوں ملکوں کو باہمی تجارت کا مقررہ ہدف حاصل کرنے کے مزید قریب کر دیا ہے۔
ترک صدر کے مطابق ترکیہ قطر کے ساتھ توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو فروغ دینے اور اس میں تنوع لانے کے لیے بھی کام کر رہا ہے، جبکہ دفاعی صنعت میں تعاون کا دائرہ بھی مزید وسیع کیا جائے گا۔
ترک صدارتی دفتر کے مطابق یہ باہمی دفاعی معاہدہ ترکیے اور قطر کے تعلقات میں نیا باب رقم کرے گا۔
