پاکستان 2050 سے پہلے دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا: شہباز شریف

0

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کانفرنس میں شریک عالمی سرمایہ کاروں اورمعززمہمان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا پاکستان کی معیشت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی اور تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے، بیرک کمپنی کا پاکستان پر اعتماد برقرار رکھنے پر شکرگزار ہوں۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ گولڈمین سکس کی پیشگوئی ہے پاکستان 2075 تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے، انشاءاللہ 2050 سے بھی پہلے پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنا بند کرنا ہے، قیمتی معدنی وسائل ملکی صنعتوں کے لیے استعمال ہوں گے، وہ دن دور نہیں جب معدنی وسائل کو ملکی ڈاؤن سٹریم انڈسٹری کیلئے بروئے کار لائیں گے۔

 

شہباز شریف کا کہان تھا کہ ریکوڈک منصوبہ دنیا کے تانبے اور سونے کے بڑے غیراستعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے، 2 دہائیوں سے تعطل کا شکار ریکوڈک منصوبہ عملی تکمیل اور آپریشنل مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان صرف خام معدنیات نکال کر بیرون ملک بھیجنے کا خواہاں نہیں، معدنیات کو نکالنا، پاکستان میں پراسیس اور تیار کر کے برآمد کرنا ہے، سفر مشکل ضرور ہے لیکن ہم پُرعزم ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ مساوی اور منصفانہ شراکت داری پاکستان اور سرمایہ کاروں دونوں کیلئے فائدہ مند ہے، سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع اور پالیسیوں میں تسلسل فراہم کریں گے۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے طریقہ کار کو آسان بنایا جا رہا ہے، لائسنس اور معاہدوں کے اجرا میں مکمل شفافیت یقینی بنائیں گے۔

 

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وفاقی اورصوبائی حکومتیں معدنیات کے شعبے کے فروغ کیلئے مل کر کام کریں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.