ٹرمپ کی جانب سے روس پر پابندیاں ختم کرنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی

0

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی آگئی۔

ایشیا میں پیر کی صبح کاروباری سرگرمیوں کے آغاز پر خام تیل کی عالمی منڈی میں قیمتیں گر گئیں۔

رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے تقریباً ایک فیصد کمی کے بعد 108.80 ڈالر فی بیرل پر آگئے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت روس سے متعلق متعدد مجوزہ پابندیاں ختم کر دی گئیں۔

ان پابندیوں کا نفاذ چند روز بعد ہونا تھا، جن میں روسی مصنوعات پر محصولات اور روسی تیل و گیس خریدنے پر عائد کی جانے والی سزائیں بھی شامل تھیں۔

تیل کی قیمت میں یہ معمولی کمی جمعے کو ہونے والے اضافے کے بعد سامنے آئی ہے، جب کاروبار کے اختتام پر قیمتیں 19 مئی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی برآمدات سے متعلق پابندیوں اور ٹیرف کو ہٹانے کا فیصلہ روس کو مذاکرات کی میز پر برقرار رکھنے کی ایک کوشش ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.