وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر قیادت ریلی ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں جاری

23

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
ہری پور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صدیق اکبر چوک ہری پور میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عوام کا والہانہ استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور کے عوام عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور بدقسمتی سے ان کے مینڈیٹ پر ایک بار پھر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔
سہیل آفریدی نے بتایا کہ قائد عمران خان نے اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کا حکم دے دیا ہے اور اس سلسلے میں پورے ملک میں تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ آج کی ریلی ہری پور سے شروع ہو کر ایبٹ آباد اور بعد میں مانسہرہ تک جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس جدوجہد کا مقصد مضبوط جمہوریت، آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کی بحالی ہے اور ہری پور کے عوام ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔
ایبٹ آباد: وزیر اعلیٰ کی زیر قیادت ریلی ضلع ایبٹ آباد کے مختلف مقامات سے ہوتے ہوئے فوارہ چوک پہنچ گئی، جہاں کارکنان نے بھرپور استقبال کیا۔ بعد ازاں ریلی قلندر آباد تک پہنچی جہاں بھی عوام کی جانب سے والہانہ خیرمقدم کیا گیا۔
مانسہرہ: سہیل آفریدی مانسہرہ پہنچے جہاں انہیں کارکنان اور عوام کی جانب سے گرم جوشی سے خوش آمدید کہا گیا۔
ریلی کے دوران عوام کی جانب سے جوش و جذبے کے مظاہرے اور بھرپور شرکت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ اس اسٹریٹ موومنٹ کو ملک بھر میں عروج تک پہنچانے کے لیے کارکنان اور عوام مکمل طور پر متحرک ہیں۔

Comments are closed.