کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کا شاندار اختتام، فٹبال فائنل میں حاجی لیاقت کلب کراچی فاتح

30

تربت | 16 جنوری 2026
کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول اختتامی مرحلے میں حاجی لیاقت کلب کراچی اور ڈی سی الیون کیچ کے درمیان کھیلے گئے فٹبال فائنل میچ کے ساتھ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔ فائنل مقابلے میں حاجی لیاقت کلب کراچی نے ڈی سی الیون کیچ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی تھے۔ دیگر معزز مہمانوں میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ مقبول انور، انجمن تاجران کیچ کے چیئرمین نثار احمد جوسکی، سیٹھ اعجاز احمد، واجہ محمد بخش، معروف بلوچی گلوکار استاد عارف بلوچ، شاہجہان داؤدی اور بینجو ماسٹر استاد نور بخش شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر ظہور احمد بلیدی نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، فیسٹیول سیکریٹری التاز سخی اور فیسٹیول کمیٹی کے اراکین کو تربت میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کامیاب اور بڑے ایونٹ کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں میں مصروف دیکھ کر خوشی محسوس ہوتی ہے اور یہ فیسٹیول علاقے میں امید، سرگرمی اور مثبت سوچ کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے بھی بات کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول صرف ایک ایونٹ نہیں بلکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے عوام کی بڑی تعداد میں شرکت، خواتین و مردوں کی بھرپور شمولیت اور کراچی و ہمسایہ ملک ایران سے آنے والی ٹیموں کی شرکت کو فیسٹیول کی کامیابی کی واضح دلیل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ نے ثابت کر دیا کہ ضلع کیچ ایک پُرامن اور متحرک علاقہ ہے۔
فیسٹیول سیکریٹری التاز سخی نے بتایا کہ فٹبال فائنل دیکھنے کے لیے اندازاً 25 ہزار شائقین موجود تھے، جو ضلع کیچ کی تاریخ میں کسی ایک روزہ اسپورٹس ایونٹ کا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے فیسٹیول کے انعقاد میں تعاون پر ضلعی اسپورٹس آفیسر غفار بلوچ، عومر ہوت، عبدالرحیم بلوچ، ظریف رنر، کیپٹن چاکر، کیپٹن باسط، فیسٹیول کمیٹی اور اسپورٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا۔
فائنل میچ کے اختتام پر مہمانِ خصوصی میر ظہور احمد بلیدی اور ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے فاتح ٹیم حاجی لیاقت کلب کراچی کو ٹرافی اور پانچ لاکھ روپے انعام دیا، جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ دو لاکھ پچاس ہزار روپے دیے گئے۔ میراتھن ریس کے فاتح کھلاڑی کو ایک لاکھ، دوسری پوزیشن پر پچاس ہزار اور تیسری پوزیشن پر پچیس ہزار روپے انعام دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے میراتھن ریس کے فاتح کھلاڑی کو پولیس یا کسی سرکاری محکمے میں ملازمت دینے کا اعلان بھی کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ مقبول انور رند نے شطرنج، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن اور رسہ کشی کے مقابلوں میں کامیاب ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ تقریب کے اختتام پر استاد عارف بلوچ، شاہجہان داؤدی اور استاد نور بخش نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کر کے حاضرین کو محظوظ کیا۔

Comments are closed.