سونمیانی: چھوٹے ماہی گیروں کا ٹرالر مافیا کے خلاف احتجاج، دھرنے کی وارننگ

24

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
( رمضان لاسی رپورٹ )
سونمیانی/ڈام بندر: ضلع حب کی ساحلی بستی ڈام بندر میں اتوار کے روز چھوٹے ماہی گیروں نے ڈام جیٹی پر احتجاجی ریلی نکالی، جس میں ٹرالر اور غیر قانونی گجہ نیٹ مافیا کے خلاف شدید نعرے لگائے گئے۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا: “چھوٹے ماہی گیروں پر ظلم نامنظور” اور “ساحلی کمیونٹی کے ساتھ انصاف”۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ٹرالر بارہ ناٹیکل میل کے اندر آ کر ان کے جال اور آلات تباہ کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین نے محکمہ فشریز کے مبینہ ملی بھگت کی نشاندہی کی اور کہا کہ بار بار شکایات کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔ مظاہرین نے مزید بتایا کہ احتجاج کرنے پر باہر سے آنے والے ماہی گیر لانچوں سے بھاری اشیاء پھینک کر انہیں ڈراتے ہیں۔
احتجاجی قیادت نے کہا کہ ہم سالانہ کروڑوں روپے محکمہ فشریز کے ذریعے صوبائی حکومت کو دیتے ہیں، لیکن اس کے بدلے ہمیں صرف ظلم اور نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہمارے جائز ماہی گیری کے حقوق اور روزگار کا تحفظ نہ کیا گیا تو ہم سڑکوں پر دھرنے دینے پر مجبور ہوں گے، اور اس کے تمام نتائج کی ذمہ داری محکمہ فشریز اور صوبائی حکومت پر ہوگی۔ مظاہرین بعد ازاں پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

Comments are closed.