نصیرآباد ڈویژن شدید دھند و سردی کی لپیٹ میں، گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ سے عوام عاجز، سکولوں میں دس روزہ تعطیلات کا مطالبہ

26

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
استا محمد (رپورٹ: عبداللہ مگسی)
نصیرآباد ڈویژن کے اضلاع استا محمد، جعفرآباد، صحبت پور، نصیرآباد، جھل مگسی اور گرد و نواح میں گزشتہ پانچ روز سے شدید دھند اور سردی کی لہر نے معمولاتِ زندگی مفلوج کر کے رکھ دیے ہیں۔ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی ہے جب شدید سردی کے ساتھ بجلی اور گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔
شدید سرد موسم میں گیس کی عدم فراہمی کے باعث عوام کے لیے دو وقت کا کھانا پکانا بھی ایک مسئلہ بن چکا ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکریٹری بلوچستان اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری توجہ دے کر اس بحران سے نجات دلائی جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔
گزشتہ رات شمالی ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا، جبکہ صبح کے اوقات میں گھنی دھند کے باعث حدِ نگاہ نہایت کم ہو گئی ہے۔ سرد ہواؤں اور دھند نے بالخصوص بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
موجودہ موسمی صورتحال کے پیشِ نظر والدین اور سماجی حلقوں نے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں کم از کم دس روزہ تعطیلات کا مطالبہ کیا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ شدید سردی اور دھند میں بچوں کا علی الصبح طویل فاصلہ طے کر کے سکول جانا خطرناک ثابت ہو رہا ہے، جس کے باعث کم عمر بچے نزلہ، زکام، کھانسی اور دیگر موسمی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم سے اپیل کی ہے کہ بچوں کی صحت اور سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اور دانشمندانہ فیصلہ کیا جائے تاکہ والدین اور طلبہ کو مزید پریشانیوں سے بچایا جا سکے۔

Comments are closed.