سیکرٹری زراعت بلوچستان نے آن فارم واٹر مینجمنٹ منصوبوں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد کیا
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ | کوئٹہ: 08 جنوری 2026
کوئٹہ: سیکرٹری زراعت بلوچستان نور احمد پرکانی کی زیر صدارت محکمہ زراعت کے آن فارم واٹر مینجمنٹ کے تحت تمام اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آن فارم واٹر مینجمنٹ سید قسیم آغا، ڈپٹی ڈائریکٹر احتشام اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت نے واضح ہدایات جاری کیں کہ آن فارم واٹر مینجمنٹ کے تمام منصوبوں کے فوائد براہِ راست عام کسان اور عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ انہوں نے تمام اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے جاری منصوبوں سے متعلق معلومات عام کریں تاکہ کسان ان منصوبوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
سیکرٹری زراعت نے کہا کہ جہاں جہاں ٹیوب ویل نصب کیے جائیں گے، وہاں کم از کم 10 درخت لگانا لازمی ہوگا تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کارکردگی پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور جہاں کہیں بھی کوتاہی پائی گئی، اس کا ذمہ دار متعلقہ افسر ہوگا اور اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments are closed.