علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ناخواندگی کے خاتمے میں کردار قابلِ تحسین: عبداالواسع کاکڑ
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ | ڈیرہ مراد جمالی: 09 جنوری 2026
ڈویژنل ڈائریکٹر اسکولز عبداالواسع کاکڑ نے کہا ہے کہ ہمارا مشترکہ ہدف ملک سے ناخواندگی کے خاتمے اور جلد از جلد پڑھا لکھا پاکستان کے خواب کو عملی شکل دینا ہے۔ اس مقصد کے حصول میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے فاصلاتی اور کھلی تعلیمی نظام کی خدمات نہ صرف ملک بھر بلکہ بیرونِ ممالک میں بھی ایک مسلمہ حقیقت کے طور پر تسلیم شدہ ہیں۔
یہ بات انہوں نے نصیرآباد ریجن میں یونیورسٹی کے ریجنل آفس میں ریجنل ڈائریکٹر عبدالغفار بنگلزئی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر بابو قاضی حبیب احمد بھی موجود تھے۔
عبداالواسع کاکڑ نے کہا کہ نصیرآباد ریجن میں یونیورسٹی کے عملے کی شبانہ روز محنت اور مخلصانہ کاوشوں کے باعث غریب، محنت کش اور کاروباری طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں یونیورسٹی سے رجوع کر رہے ہیں اور اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کم خرچ، معیاری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فاصلاتی تعلیم فراہم کر کے قومی و عالمی سطح پر اپنی ایک منفرد پہچان بنا چکی ہے۔ نصیرآباد ریجن میں یونیورسٹی کو عام کرنے اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ میں ریجنل ڈائریکٹر عبدالغفار بنگلزئی کی قیادت میں کی جانے والی محنت بھی لائقِ تحسین ہے۔
آخر میں عبداالواسع کاکڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ساتھ تعلیم کے فروغ اور ناخواندگی کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان کو ایک تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکے۔
Comments are closed.