نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا،مصر اور میانمار کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو

18

 اسلام آباد۔8جنوری :نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا،مصر اور میانمار کے وزرائے خارجہ کے ساتھ حالیہ دنوں میں ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے جمعرات کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے خارجہ امور کے مشیر توحید حسین کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگومیں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ترجمان نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد بن حاجی حسن کے ساتھ الگ گفتگو میں نائب وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال سمیت حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں جانب سے مسلسل مشاورت کی اہمیت پر زور دیا گیا اور تمام سطحوں پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 6 جنوری کو نائب وزیراعظم نے میانمار کے وزیر خارجہ یو تھان سوے کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کی اور دوطرفہ تعلقات کی موجودہ سطح کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا کے وزیر خارجہ سوگیونو کے ساتھ گفتگو میں نائب وزیراعظم نے پاکستان-انڈونیشیا تعلقات، صومالیہ میں ہونے والی پیش رفت اور غزہ میں دیرپا امن کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا اور ان امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ ترجمان نے کہا کہ مصر کے وزیر خارجہ بدر احمد محمد عبدالعاطی کے ساتھ گفتگو میں نائب وزیراعظم نے موجودہ علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور دونوں ممالک کے مفاد میں روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا

Comments are closed.