اینٹی کرپشن بلوچستان کا اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے خلاف بڑا اقدام
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 08 جنوری:
ڈائریکٹوریٹ آف انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے خلاف فنڈز میں مبینہ غیر قانونی ہیرپھیر اور اختیارات کے غلط استعمال کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ یکم جنوری 2024 سے اب تک مختلف منصوبوں اور سرگرمیوں کے لیے مختص فنڈز کو فراڈ اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے ذریعے ہڑپ کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر شیخ منیر احمد کی ہدایت پر محکمہ اسپورٹس سے ایونٹس کیلنڈر، کھلاڑیوں اور ٹیموں کی تفصیلات، مالی و بجٹ ریکارڈ، خریداریوں، سہولیات، میڈیا کوریج اور گورننس سے متعلق تمام دستاویزات طلب کی گئی ہیں۔
سیکرٹری اسپورٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ریکارڈ فوری طور پر تصدیق شدہ حالت میں فراہم کیا جائے۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے معاملے کو سنگین اور فوری نوعیت کا قرار دیتے ہوئے بروقت تحقیقات مکمل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
Comments are closed.