گورنر ہاؤس کوئٹہ آمد پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 08 جنوری:
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی گورنر ہاؤس کوئٹہ آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق گورنر ہاؤس میں وزیراعظم اور گورنر بلوچستان کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں بلوچستان کے مجموعی سیاسی، انتظامی اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر بلوچستان نے وزیراعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ان پر ہونے والی پیش رفت اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی، وفاقی وزرا پروفیسر احسن اقبال، علیم خان، رانا ثنا اللہ اور بلوچستان کے اہم سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے صوبے میں ترقیاتی رفتار کو مزید تیز کرنے، ادارہ جاتی ہم آہنگی بڑھانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ گورنر بلوچستان نے وفاقی تعاون کو صوبے کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔
Comments are closed.