گلگت بلتستان میں نیشنل جینڈر پیریٹی فریم ورک پر صوبائی مشاورتی اجلاس

21

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
گلگت بلتستان میں نیشنل جینڈر پیریٹی رپورٹ (NGPR) فریم ورک اور نیشنل جینڈر ڈیولپمنٹ پلان (NGDP) کے حوالے سے ایک اہم صوبائی مشاورتی اجلاس پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان ریاض احمد نے کی۔
اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ مشاورتی نشست میں نیشنل جینڈر پیریٹی فریم ورک کو گلگت بلتستان کے مقامی تناظر اور صوبائی ترقیاتی ضروریات کے مطابق حتمی شکل دینے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکاء نے صنفی برابری کے فروغ، پالیسی ہم آہنگی اور ڈیٹا پر مبنی منصوبہ بندی کو پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
اجلاس میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان، ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس اور نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کے نمائندگان نے شرکت کی۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے NGPR فریم ورک کو مؤثر اور قابلِ عمل بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔
سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ریاض احمد نے کہا کہ صنفی برابری پائیدار ترقی کا بنیادی ستون ہے اور حکومت گلگت بلتستان خواتین کو بااختیار بنانے اور مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

Comments are closed.