ضلع اٹک: علماء کرام کے وفد کی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سے بامقصد مشاورتی ملاقات

20

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اٹک: مجاہدِ اہلسنت حضرت علامہ مولانا حافظ محمد اشفاق صابری، فوکل پرسن تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان ضلع راولپنڈی نے علماء کرام کے وفد کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید اور ایڈمن آفیسر ظہیر خان سے ایک سنجیدہ، باوقار اور نتیجہ خیز ملاقات کی۔
یہ نشست محض رسمی ملاقات نہ تھی بلکہ دینی، سماجی اور تنظیمی امور پر تفصیلی اور بامقصد مشاورت کا ذریعہ بنی۔ ملاقات کے دوران مختلف درپیش مسائل اور انہیں مؤثر انداز میں حل کرنے کے پہلوؤں پر گفتگو کی گئی، بالخصوص دینی اداروں اور مساجد سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
حضرت مولانا حافظ محمد اشفاق صابری کی گفتگو میں اخلاص، وسعتِ نظر اور امت کے اجتماعی مفاد کی جھلک نمایاں رہی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید کی جانب سے مثبت طرزِ فکر، تعاون اور ذمہ دارانہ رویہ دیکھنے میں آیا۔
ملاقات کا بنیادی مقصد تصادم کے بجائے تفہیم، الجھاؤ کے بجائے رہنمائی اور انتشار کے بجائے نظم و ضبط کو فروغ دینا تھا، جس میں فریقین نے اطمینان بخش پیش رفت محسوس کی۔
اس موقع پر حضرت علامہ مولانا اللہ داد شاہد، حضرت علامہ قاری ملازم حسین ضیائی اور حضرت علامہ قاری مفتی شوکت حسین ضیائی بھی موجود تھے۔ اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ باہمی تعاون کے ذریعے دینی و سماجی ہم آہنگی کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

Comments are closed.