وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس جسٹس امین الدین نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد — وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس جسٹس امین الدین خان نے جمعرات کے روز ایوانِ صدر میں اپنے عہدے کا باقاعدہ حلف اٹھا لیا، جس کے ساتھ ہی ملک میں نئی آئینی عدالت کا عملی طور پر آغاز ہو گیا۔
تقریبِ حلف برداری میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے چیف جسٹس امین الدین خان سے حلف لیا۔ اس اہم موقع پر اعلیٰ سیاسی، عسکری اور عدالتی قیادت کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل شاہد شمشاد مرزا، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سمیت متعدد وفاقی وزراء، اراکینِ پارلیمان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وفاقی آئینی عدالت کا قیام ملک میں آئینی معاملات سے متعلق تیز رفتار اور جامع فیصلوں کو یقینی بنانے کے لیے اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ جسٹس امین الدین خان کا بحیثیت پہلے چیف جسٹس تقرر اس نئی عدالتی ساخت کے لیے تاریخی سنگِ میل ہے۔
— عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
Comments are closed.