پاک فوج کا بروقت آپریشن، کیڈٹ کالج وانا پر افغان خوارج کا حملہ ناکام

16

 کیڈٹ کالج وانا کے اساتذہ اور کیڈٹس کے حوصلے بلند، دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا عزم

ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لمحہ بہ لمحہ آپریشن کی نگرانی کی اور واضح ہدایت دی کہ “قوم کے یہ معمار ہمارا سرمایہ ہیں، ان پر کوئی آنچ نہ آنے پائے۔”

ذرائع کے مطابق پاک فوج کے جوان 24 گھنٹے سے زائد تک کیڈٹس اور دہشتگردوں کے درمیان ڈھال بنے رہے۔ جوانوں نے جامِ شہادت نوش کر کے زیر تعلیم طلبہ کی حفاظت یقینی بنائی۔

آپریشن کمانڈر کرنل محمد طاہر کے مطابق،

> “10 نومبر کو پانچ افغان خوارج نے کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کر دیا۔ خوارج نے اُس ادارے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جو پاک فوج کی جانب سے جنوبی وزیرستان کے عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے۔”

کرنل طاہر کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے دھماکہ کیا جبکہ دیگر خوارج نے گیٹ سے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم فورسز کی بروقت جوابی کارروائی نے انہیں ناکام بنا دیا۔

انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں نے ابتدا میں طلبہ کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، مگر سیکیورٹی فورسز نے انہیں مخصوص بلاک تک محدود کر کے طلبہ کی جانیں محفوظ بنائیں۔

رات تقریباً ساڑھے 10 بجے کے قریب بھرپور آپریشن کے بعد تمام دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

زیر تعلیم کیڈٹس نے بتایا کہ

> “ہم ڈرل کمپٹیشن کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک خودکش دھماکہ ہوا۔ ہمیں معلوم ہو گیا تھا کہ حملہ تعلیم کے دشمنوں نے کیا ہے، جو ہمیں علم سے روکنا چاہتے ہیں، مگر ہم نہیں رکیں گے۔”

ایک کیڈٹ نے کہا کہ،

> “جب دھماکہ ہوا تو اساتذہ نے ہمیں حوصلہ دیا اور کہا کہ پرسکون رہیں، اب پاک فوج پہنچ چکی ہے۔”

دیگر کیڈٹس نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے ہمیں بحفاظت کالج سے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

الحمد للہ، فوج کی بروقت کارروائی نے ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا اور دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

پاکستان زندہ باد 🇵🇰

Comments are closed.