موٹروے پولیس کے 10 افسران ترقی کے مستحق قرار، آئی جی بی اے ناصر کی جانب سے بیجز لگائے گئے
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 12 نومبر 2025:
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے 10 افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے۔ یہ فیصلے محکمانہ پروموشن کمیٹی کے اجلاسوں میں کیے گئے جو وزارتِ مواصلات اور سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں منعقد ہوئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، ترقیوں کے ان اجلاسوں کی صدارت وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل ہیومن ریسورس منیجمنٹ شاہد جاوید نے کی، جب کہ ترقیوں کی باضابطہ منظوری انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس بی اے ناصر نے دی۔
ترقی پانے والوں میں دو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (گریڈ 17) شامل ہیں جنہیں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (گریڈ 18) کے عہدے پر ترقی دی گئی، ایک اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری اور دو کمپیوٹر آپریٹرز (گریڈ 16) کو بالترتیب پرائیویٹ سیکرٹری اور کمپیوٹر پروگرامر (گریڈ 17) بنایا گیا۔ اسی طرح ایک سپرنٹنڈنٹ (گریڈ 16) کو ہائر ٹائم اسکیل (گریڈ 17) جبکہ چار اسسٹنٹس (گریڈ 15) کو آفس سپرنٹنڈنٹ (گریڈ 16) کے عہدے پر ترقی دی گئی۔
ترقی پانے والے افسران کے لیے سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں بیجز لگانے کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس بی اے ناصر تھے۔ انہوں نے ڈی ایس پی سے ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے والے آفیسر رضوان عباسی کو بیجز لگائے اور دیگر افسران کو پھول پیش کیے۔
اس موقع پر آئی جی بی اے ناصر نے کہا کہ افسران کی ترقی ان کی محنت، لگن اور بہترین کارکردگی کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ “سروس میں ترقی ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے جو مزید ذمہ داریوں کا تقاضا کرتی ہے۔ موٹروے پولیس کی نیک نامی خوش اخلاقی، قانون کے منصفانہ نفاذ اور عوامی خدمت کا نتیجہ ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ ترقی محکمہ اور ملک دونوں کے لیے باعثِ فخر ثابت ہو گی۔”
Comments are closed.