حاجی علی مدد جتک کا کلی نیچاری میں ٹیوب ویل کا افتتاح، عوامی خدمت کو عبادت قرار دیا

18

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ (9 نومبر): پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے کلی نیچاری سریاب میں اپنے ترقیاتی فنڈ سے مکمل ہونے والے ٹیوب ویل کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں قبائلی عمائدین، علاقے کے معززین اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اس موقع پر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ ان کا مقصد عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانا ہے، بالخصوص پینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلی نیچاری کے عوام طویل عرصے سے پانی کی قلت کا شکار تھے، جس کے پیش نظر یہ منصوبہ شروع کیا گیا تاکہ لوگوں کو صاف و میٹھا پانی فراہم کیا جا سکے۔

اس سے قبل حاجی علی مدد جتک سے قبائلی و علاقائی معتبرین، پارٹی کارکنان اور حلقے کے عوام نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، جہاں علاقے کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ انہیں عوام کی خدمت کر کے دلی سکون حاصل ہوتا ہے، کیونکہ وہ عوامی خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حلقے میں متعدد ترقیاتی اسکیمیں شروع کی جا چکی ہیں جن کی تکمیل سے علاقے میں حقیقی ترقی اور خوشحالی آئے گی، جبکہ صوبے میں پارٹی کو فعال بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوامی فلاح کے منصوبے مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکیں۔

علاقے کے معززین نے حاجی علی مدد جتک کی عوامی خدمات اور سیاسی بصیرت کو سراہتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

Comments are closed.