بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے انتظامات مکمل ،دنیا کے 40 سے زائد ممالک کے پارلیمانی رہنما شرکت کریں گے

17

اسلام آباد۔7نومبر  :اسلام آباد میں بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،  دنیا کے 40 سے زائد ممالک کے پارلیمانی رہنما شرکت کریں گے ۔ جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق مشیر چیئرمین سینیٹ  میاں خرم رسول نے کہا کہ  چیئرمین سینیٹ اور بانی چیئرمین انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی ) سید یوسف رضا گیلانی کے وژن اور رہنمائی کے مطابق کانفرنس کے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،  چیئرمین سینیٹ خود روزانہ کی بنیاد پر کانفرنس سے متعلق تیاریوں اور انتظامی امور کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس پاکستان کے لئے ایک تاریخی اور سفارتی سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے جس میں دنیا کے 40 سے زائد ممالک کے سپیکرز، ڈپٹی سپیکرز اور پارلیمانی نمائندگان کی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ   کانفرنس امن، سکیورٹی اور ترقی کے فروغ کے موضوع پر اسلام آباد میں 11 تا 12 نومبر 2025 کو منعقد ہو رہی ہے۔ میاں خرم رسول نے کہا کہ  چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو اپریل 2025 میں سیول، جنوبی کوریا میں ہونے والے اجلاس کے دوران انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی ) کا بانی چیئرمین متفقہ طور پر منتخب کیا گیا تھا،دنیا بھر کے پارلیمانی رہنماؤں نے متفقہ طور پر سید یوسف رضا گیلانی کو اس منصب کے لئے منتخب کیا، یہ انتخاب عالمی پارلیمانی برادری کے پاکستان پر اعتماد اور احترام کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران مختلف سیشنز میں پارلیمانی سفارتکاری سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ مزید برآں اجلاس میں ماحولیاتی اقدامات، پائیدار ترقی اور وسائل کی مساوی تقسیم سے متعلق عملی تجاویز بھی زیرِ غور آئیں گی،   باہمی تعاون کے نئے فریم ورکز پر بھی مشاورت کی جائے گی۔   انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا وژن ایک پرامن، باہمی جڑے ہوئے اور ترقی یافتہ عالمی معاشرے کی تشکیل پر مبنی ہے،  پارلیمانوں کا کردار محض قانون سازی تک محدود نہیں بلکہ امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ میں فعال شراکت داری پر مشتمل ہے۔  اسلام آباد میں ہونے والی یہ عالمی کانفرنس پاکستان کے پارلیمانی تشخص، بین الاقوامی وقار، اور سفارتی کردار کو مزید اجاگر کرے گی۔

Comments are closed.