چمن بارڈر پر افغان جانب سے بلا اشتعال فائرنگ، پاکستان نے مؤثر اور ذمہ دارانہ جواب دیا — وزارتِ اطلاعات
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
چمن، 6 نومبر:
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق پاک افغان سرحد پر فائربندی کی خلاف ورزی کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں افغانستان کی جانب سے کچھ عناصر نے پاکستانی پوسٹوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔
ترجمان وزارتِ اطلاعات نے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے فائرنگ کا ذمہ دارانہ طریقے سے جواب دیا۔
وزارتِ اطلاعات نے افغانستان کی جانب سے اس واقعے سے متعلق کیے گئے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ فائرنگ کا آغاز افغان سمت سے ہوا، جس پر پاکستانی فورسز نے انتہائی ضبط و تحمل کے ساتھ کارروائی کی۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی فورسز کے بروقت اور ذمہ دارانہ اقدام سے صورتحال پر قابو پا لیا گیا، اور سرحدی علاقے میں امن و نظم بحال ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے مزید کہا کہ جنگ بندی بدستور برقرار ہے، اور پاکستان افغانستان کے ساتھ جاری مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان، افغان حکام سے باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کی توقع رکھتا ہے تاکہ ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو اور خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
Comments are closed.