لسبیلہ یونیورسٹی ایگریکلچر فیکلٹی کے نئے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد راشد کی تعیناتی—تعلیمی و تحقیقی ترقی کے نئے دور کا آغاز

50

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اوتھل (رپورٹ: عزیز یوسفزئی)
لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز اوتھل کے فیکلٹی آف ایگریکلچر کے نئے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محمد راشد (پی ایچ ڈی، نیوزی لینڈ) سے جام گروپ کے سرگرم رکن اور صحافی عزیزالرحمن یوسفزئی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر محمد راشد کو بطور ڈین تعیناتی پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد راشد نے کہا کہ وہ وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین کی قیادت میں فیکلٹی آف ایگریکلچر کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک ترین ایک وژنری، تعلیم دوست اور طلبہ نواز شخصیت ہیں جو یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو عالمی سطح پر پہنچانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد راشد نے کہا کہ وائس چانسلر کی سربراہی میں یونیورسٹی کا تعلیمی نظام تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے۔ مختلف فیکلٹیز میں نئے پروگرامز متعارف کروائے جا رہے ہیں، جن میں فیکلٹی آف ایگریکلچر میں انجینئرنگ سے وابستہ طلبہ کو بھی داخلے کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں تاکہ بین الشعبہ جاتی تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ ایگریکلچر فیکلٹی کے طلبہ جدید تحقیق اور تجربات کے ذریعے کسان برادری کو براہِ راست فائدہ پہنچائیں تاکہ صوبے کی زرعی پیداوار میں اضافہ ہو اور کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنائی جا سکے۔

ڈاکٹر راشد نے بتایا کہ فیکلٹی آف ایگریکلچر میں بی ایس کے ساتھ ساتھ ایم فل پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہیں، جہاں طلبہ کو معیاری تعلیم، تحقیق کے مواقع، اور عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے امید کی ایک روشن کرن ہے، جہاں جدید سائنسی علوم، تحقیق، اور عملی تربیت کے امتزاج سے صوبے کے زرعی اور ماحولیاتی شعبے میں نئی راہیں کھولی جا رہی ہیں۔

Comments are closed.