وفاقی وزیرِ انسانی حقوق سے آرچ بشپ جرمینو پینیموٹے کی ملاقات

21

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 3 نومبر:

ہولی سی کے سفیر اور پاکستان میں تعینات آرچ بشپ جرمینو پینیموٹے نے آج وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی۔ وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق، فلاح و بہبود اور حکومتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے مسیحی برادری کی طویل خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں میں مسیحی اداروں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشنری اسکولوں، کالجوں اور اسپتالوں نے پاکستانی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

ملاقات میں حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے تحفظ، شمولیت اور سہولت رسانی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جن میں عبادت گاہوں کی بحالی و سیکیورٹی میں بہتری، برابری اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے نظام کی مضبوطی، اور نادار اقلیتی خاندانوں کے لیے تعلیمی وظائف و مالی معاونت کے منصوبے شامل ہیں۔

آرچ بشپ جرمینو پینیموٹے نے حکومت کے ان اقدامات کو سراہا اور مذہبی ہم آہنگی، امن اور سماجی اتفاق کے فروغ کے لیے چرچ کے عزم کا اعادہ کیا۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے آئینی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے وعدوں پر عملدرآمد جاری رکھے گا تاکہ تمام شہریوں کو بلاامتیاز مساوی حقوق، تحفظ اور قومی زندگی میں بھرپور شمولیت کے مواقع حاصل ہوں۔

Comments are closed.