ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کا گوادر میں واٹر سپلائی سسٹم کا معائنہ، شہر میں پانی کی قلت کی صورتحال میں نمایاں بہتری

15

ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) معین الرحمٰن خان نے آج چوڑ ڈگار پمپنگ اسٹیشن، شادی کور ٹرانسمیشن لائن اور ایئرپورٹ واٹر اسٹیشن کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر سید محمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈائریکٹر جنرل نے شادی کور ڈیم سے چوڑ ڈگار پمپنگ اسٹیشن تک پانی کی سپلائی کے نظام کا جائزہ لیا جو اطمینان بخش قرار دیا گیا۔ انہوں نے ایئرپورٹ واٹر اسٹیشن پر میرانی ڈیم اور شادی کور ڈیم سے آنے والے پانی کی سپلائی کے معیار اور مقدار کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔

انہوں نے موقع پر موجود عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ پانی کے معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ شہر میں پانی کی قلت میں واضح کمی آئی ہے اور اس وقت اتنی ہی مقدار میں پانی دستیاب ہے جتنی ڈیموں کے خشک ہونے سے قبل تھی۔

انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں تقسیمِ نظام کے تکنیکی مسائل پر جی ڈی اے کی ٹیمیں شب و روز کام کر رہی ہیں تاکہ شہر کے تمام حصوں میں پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

Comments are closed.