قلعہ عبداللہ میں منشیات کی غیر قانونی کاشت کے خلاف کارروائی، 40 ایکڑ سے زائد رقبہ تلف — ‘بھنگ کے خاتمے کی مہم 2025’ کے تحت آپریشن

12

ڈائریکٹوریٹ آف ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس (نارتھ زون) کوئٹہ کی جانب سے چلائی گئی ‘بھنگ کے خاتمے کی مہم 2025’ کے تحت قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں منشیات کی غیر قانونی کاشت کے خلاف کارروائی کی گئی۔

اس آپریشن میں تقریباً 40 ایکڑ رقبے پر مشتمل چرس، بھنگ اور افیون کی فصلیں موقع پر تلف کی گئیں۔ یہ مہم ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نصیراللہ خان مندوخیل کی ہدایت پر یکم نومبر 2025ء سے شروع کی گئی۔

کارروائی کے دوران مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی مدد سے نشاندہی شدہ علاقوں میں موجود منشیاتی پودوں کو جلا کر تلف کیا گیا جبکہ علاقے کی نگرانی مسلسل جاری ہے۔

ڈائریکٹر نصیراللہ مندوخیل نے کہا کہ اے این ایف، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ایکسائز کی مشترکہ کوششیں منشیات کی غیر قانونی کاشت اور اسمگلنگ کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے یہ مہم مؤثر اور مربوط حکمت عملی کے ساتھ مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی۔

Comments are closed.