الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت 57 افراد کو کاروباری سہولت فراہم کی گئی

28

راولپنڈی () الخدمت فاؤنڈیشن اسلامک مائیکروفنانس پروگرام کے تحت کاروباری سہولت کی فراہمی کا سلسلہ جاری۔مزید 57 افراد کو کاروباری سہولت فراہم کر دی گئی ہے، جن میں سے 17 افراد کو قرضِ حسنہ، جبکہ 40 افراد کو کاروباری سہولت فراہم کی گئی۔ فراہم کردہ امداد کی مجموعی مالیت 44 لاکھ سے زائد ہے ۔الخدمت مائیکروفنانس کے نیشنل ڈائریکٹر میاں بابر حمید نے بتایا کہ الخدمت 2014ء سے اب تک 82 کروڑ 63 لاکھ 2 ہزار 159 روپے کی مالی معاونت فراہم کر چکی ہے، جس سے ملک بھر میں ہزاروں افراد مستفید ہو چکے ہیں۔ الخدمت مائیکروفنانس کا مقصد ایسے خوددار اور محنتی افراد کی مدد کرنا ہے جو معاشی مشکلات کے باوجود کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے گریز کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کاروباری معاونت کی مختلف سہولیات فراہم کرتی ہے۔اس پروگرام کے تحت کئی افراد کو رکشے، سلائی مشینیں اور ریڑھیاں فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ حال ہی میں عیدالاضحی کے موقع پر دیہی علاقوں کے مستحق افراد کو مویشی لے کر دیے گئے تاکہ وہ فروخت کر کے مستحکم آمدنی حاصل کر سکیں۔ میاں بابر حمید نے بتایا کہ الخدمت مائیکروفنانس، جسے ابتدا میں “مواخات پروگرام” کے نام سے شروع کیا گیا تھا، ایک جامع منصوبہ ہے جس کے ذریعے افراد کو نہ صرف قرض فراہم کیا جاتا ہے بلکہ کاروبار کے آغاز اور وسعت میں رہنمائی اور عملی مدد بھی دی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خودانحصاری اور معاشی خودمختاری الخدمت کے بنیادی مقاصد میں شامل ہیں۔

Comments are closed.