ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیورز سے حلف لیا اور مہمان خصوصی نے بہتر کارکردگی کے حامل ریسکیورز کو اعزازات سے نوازا

18

لاہور (): سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ٹریننگ مکمل کرنے والے پنجاب اور سندھ کے 782 ریسکیورز سے حلف لیا اور انہیں بنیادی ریسکیو تربیت کامیابی سے مکمل کرنے اور زندگیاں بچانے والی ایمرجنسی سروس کا حصہ بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کی کامیاب تکمیل کے بعد اب یہ ریسکیورزنہ صرف پنجاب بلکہ صوبہ سندھ کے پاس آؤٹ ہونے والے ریسکیورزبھی اپنے صوبے میں ایمرجنسی سروسز دیتے ہوئے عوام الناس کو احساس تحفظ فراہم کریں گے۔

پنجاب اور سندھ کے لیے تربیت یافتہ ریسکیورز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ گزشتہ روز ایمرجنسی سروسز اکیڈمی، لاہور میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے محکمہ ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق تھے۔تقریب میں قونصل جنرل چائنا، مسٹر ژاؤ شیرن، قونصل جنرل ترکیہ مسٹر درمس باستگ، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، رجسٹرار ایمرجنسی سروسز اکیڈمی، ایڈمنسٹریٹر ایمرجنسی سروسز، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز، ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز اور اکیڈمی کے سینئر افسران سمیت بڑی تعداد میں ریسکیورز اور پاسنگ آؤٹ ہونے والے ریسکیورز کی فیملیز نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے پاس آؤٹ ہونے والے ریسکیورز، ان کے خاندانوں اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے انسٹرکٹرز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ میں چین اور ترکیہ سے معزز مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی موجودگی ایمرجنسی سسٹمز، تربیت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مضبوط دو طرفہ تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کا تعاون مؤثر و قابلِ اعتماد دوستوں جیسا ہے جوہر دور میں ہمیشہ مفید ثابت ہوا ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ شراکت داری مستقبل میں مزید مضبوط ہوتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے کئی عوامی فلاحی منصوبے شروع کیے ہیں جن میں ایئر ایمبولینس سروس، موٹر وے ایمبولینس سروس، پاک لائف سیور پروگرام، ریسکیو اسکاؤٹس کی تربیت، پنجاب کی تمام یونین کونسلز میں کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز کی تشکیل اور 56 نئے شہروں میں ایمرجنسی سروسز کی توسیع شامل ہے۔ پنجاب ایمرجنسی سروس نے اپنے آغاز سے اب تک جہاں 1 کروڑ 78 لاکھ متاثرین کو ریسکیو کیا ہے وہیں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث مخدوش سیلابی اور نشیبی علاقوں سے 1500 سے زائد لوگوں کو فوری ریسکیو سروسز فراہم کیں۔

Comments are closed.