بلوچستان سول سروسز اکیڈمی میں 16 گریڈ کے اسسٹنٹس کی پری سروس تربیت کے دوسرے بیچ کی اختتامی تقریب جمعہ کو یہاں بلوچستان سول سروسز اکیڈمی میں منعقد ہوئی۔
کوئٹہ 25 جولائی2025: -بلوچستان سول سروسز اکیڈمی میں 16 گریڈ کے اسسٹنٹس کی پری سروس تربیت کے دوسرے بیچ کی اختتامی تقریب جمعہ کو یہاں بلوچستان سول سروسز اکیڈمی میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے پلاننگ و ڈویلپمنٹ میر ظہور احمد بلیدی تھے جبکہ اعلیٰ بیوروکریٹس، ڈی جی بی سی ایس اے، اکیڈمی فیکلٹی، تربیت مکمل کرنے والے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ اسسٹنٹ کا کردار سرکاری ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہی جونئیر افسران آگے چل کر نظامِ حکومت کا اہم حصہ بنتے ہیں، اس لیے ان پر لازم ہے کہ وہ اپنے فرائض قانون کی عملداری، شفافیت، اچھی حکمرانی اور کرپشن کے خاتمے کے اصولوں کے تحت انجام دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ترقی صرف اسی صورت ممکن ہے جب نچلی سطح سے لے کر اعلیٰ سطح تک تمام افسران اپنی ذمہ داریاں دیانتداری
اور مستعدی سے ادا کریں۔
اس موقع پر سینئر بیوروکریٹ میر دوستین احمد جمالی نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹس کا کردار صوبائی سیکرٹریٹ میں نہایت اہم اور موثر ہے۔ چونکہ انہیں مختلف محکموں میں کام کرنے کا موقع ملتا ہے، اس لیے ان کا تجربہ وقت کے ساتھ پورے گورننس سسٹم کو فائدہ پہنچاتا ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ مسلسل سیکھنے، محنت اور نظم و ضبط کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنائیں۔
ڈائریکٹر جنرل بلوچستان سول سروسز اکیڈمی میر حفیظ احمد خان جمالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان سول سروسز اکیڈمی کا قیام صوبے کے افسران کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے۔ اکیڈمی میں نہ صرف اسسٹنٹس بلکہ تحصیلدار، اسسٹنٹ کمشنرز، مڈ کیریئرمینجمنٹ اور سینئر افسران کی جدید خطوط پر تربیت کی جاتی ہے، جس کے مثبت اثرات گورننس کے معیار اور سرکاری کارکردگی پر واضح طور پر ظاہر ہو رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی میر ظہور احمد بلیدی نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے اسسٹنٹس میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے اور انہیں مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔
Comments are closed.