وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نوابزادہ محسن علی خان کی ملاقات، پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت

17

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سابق صوبائی صدر اور سابق صوبائی وزیر نوابزادہ محسن علی خان نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کے بیٹے شہریار اور دیگر قریبی ساتھی بھی موجود تھے۔ نوابزادہ محسن علی خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا جبکہ وزیراعظم نے ان کی اور ان کے ساتھیوں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور انہیں مبارک باد دی۔

اس ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ نوابزادہ محسن علی خان خیبرپختونخوا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کو فروغ دینے اور عوامی روابط بڑھانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود اور وہاں امن و امان کے فروغ کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔
قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے نوابزادہ محسن علی خان اور ان کے بیٹے شہریار کی ملاقات ہوئی تھی، جس میں انجینئر امیر مقام نے انہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دی۔

نوابزادہ محسن علی خان نے اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اصولی فیصلہ کیا، جسے انجینئر امیر مقام نے خیبرپختونخوا میں پارٹی کی مضبوطی کی طرف ایک مثبت قدم قرار دیا۔

Comments are closed.