ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی کی ہدایت پر لیویز فورس کی بڑی کارروائی، بولان کالونی میں ڈکیتی میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار، ساتھی فرار

18

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل بولان کالونی خضدار میں ایک گھر میں ڈکیتی کی سنگین واردات پیش آئی تھی جس میں مسلح ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو یرغمال بناکر پچاس لاکھ روپے نقدی، ایک ایگزیو گاڑی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا تھا۔ واقعہ کے فوراً بعد ڈپٹی کمشنر خضدار نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے لیویز فورس کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ لیویز سی آئی اے ٹیم نے خفیہ مخبر کی مدد سے ملزمان کے ٹھکانے کی نشاندہی کی، جس پر گزشتہ رات سنی ایریا میں لیویز لائن انچارج نوراحمد زہری، محرر ریاض احمد اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ملزم یاسر ولد محمود قوم میروانی کو گرفتار کرلیا۔دوران تفتیش ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے واردات میں استعمال کی گئی پولیس وردی، ماسک اور دیگر آلات کی نشاندہی کی، جو موقع پر برآمد کر لیے گئے۔ ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دیے، جن میں حزب اللہ ولد محراب خان سناڑی، اسداللہ ولد محراب خان، عزیر احمد ولد شفیع محمد سناڑی، اور بھاول خان شامل ہیں۔ تفتیش کے دوران اس بات کا انکشاف بھی سامنے آیا کہ ڈکیتی کرنے والے ملزمان اور جس گھر میں واردات ہوئی ہے یہ آپس میں رشتہ دار نکلے، تاہم مذکورہ ملزمان رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔*

*`لیویز فورس کا مختلف علاقوں میں چھاپے مار کاروائی اور ملزمان کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔`*

*نوٹ ۔ ڈپٹی کمشنر خضدار نے اعلان کیا ہے کہ مفرور ملزمان کی اطلاع دینے والے کو ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا، جب کہ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔*

*خضدار لیویز کی بروقت کارروائی کو شہر میں امن و امان کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ شہری حلقوں نے کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مفرور ملزمان کی جلد گرفتاری کی امید ظاہر کی ہے*

Comments are closed.