ہم ژوب ڈویژن کی سطح پر ایک شاندار تعلیمی سیمینار کا خیرمقدم کرینگے جو کہ ژوب کو جدید تعلیم کا مرکز بنانے کی ہماری بھرپور توجہ اور طویل جدوجہد میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل

19

کوئٹہ 25 جولائی: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم ژوب ڈویژن کی سطح پر ایک شاندار تعلیمی سیمینار کا خیرمقدم کرینگے جو کہ ژوب کو جدید تعلیم کا مرکز بنانے کی ہماری بھرپور توجہ اور طویل جدوجہد میں ایک سنگ میل ہے۔ اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہمارا پہلا قدم یہ ہے کہ ہم ژوب بیوٹمز یونیورسٹی کیمپس اور تمام بوائز اور گرلز کالجوں کے سربراہان کے ساتھ مکمل مشاورت کریں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ہم اچھی طرح سے تیار ہیں۔ ژوب کو تعلیمی مرکز بنانے اور اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے ہر ذی شعور شخص مکمل تعاون فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کے طلباء کا گورنر ہاؤس کوئٹہ کے دورے کے موقع پر کیا جن کی قیادت پرنسپل کالج کر رہے تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمارا مستقبل روشن ہے اور وہ دن دور نہیں جب ژوب جدید تعلیم کے مرکز کے طور پر چمکے گا اور ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کو نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور عالمی سطح پر اپنی پہچان بنانے کیلئے بااختیار بنائیگا۔ میری خواہش ہے کہ ژوب کا ہر بچہ اور ہر بچی جدید مہارت اور معیاری تعلیم کے زیورات سے آراستہ ہو، تعلیمی کامیابیوں سے بھرے مستقبل کیلئے تعاون، عزم اور معاشرتی یکجہتی کے جذبے کو پروان چڑھائے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ تعلیم ہمارے طالب علموں کی پوشیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کریگی، انہیں جدید مہارتوں اور علم سے آراستہ کریگی تاکہ وہ اپنی عملی زندگی میں کامیابی و کامرانی کو یقینی بنائیں۔ قدرت نے ژوب کو ایک محنتی اور باصلاحیت نوجوانوں کی آبادی سے نوازا گیا ہے جو قومی سطح کے ممکنہ کامیابیوں سے بھرا ہوا ہے جو بنیادی سہولیات، جدید تربیت اور مواقع میں کمی کی وجہ سے ابھی تک مکمل طور پر سامنے نہیں آسکے۔ گورنر نے ژوب کے انتظامی حکام اور ماہرین تعلیم پر زور دیا کہ ژوب کے مستقبل کو روشن کرنے میں اپنے حصے کا کردار ادا کریں اور اپنے نوجوانوں کیلئے نئی بلندیوں پر جانے کی راہ ہموار کریں۔ پرنسپل ژوب ڈگری کالج نے گورنر بلوچستان کو کالج کی سطح پر درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جن میں نئی کلاس رومز کی تعمیر، سولر سسٹم کی فراہمی، اسپورٹس کی ضروری سہولیات اور لیپ ٹاپس کے مطالبات شامل تھے. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ان کے مسائل کو غور اور توجہ سے سنا اور کہا کہ ایک عوامی خدمتگار کی حیثیت سے لوگوں کے حقوق اور اختیارات کی پاسداری کیلئے کوششیں کرتا آ رہا ہوں اور آئندہ بھی تعلیم، صحت اور دیگر ضروری سہولیات کو ان کی دہلیز پر پہنچانے کی کوشش کرتا رہوں گا۔

Comments are closed.