ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کا جاری ترقیاتی منصوبہ جات کا دورہ
ڈائریکٹر جنرل گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی اظہار اللہ نے پروجیکٹ ڈائریکٹر سینیٹری سیوریج انجینئر شفقت علی کے ساتھ گلگت شہر میں جاری ترقیاتی منصوبہ سینیٹری سیوریج سسٹم کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔
اس دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے پہلے مرحلے میں لنک روڈ نیو نگرل (ٹی سی ایس آفس کے ساتھ) کے ترقیاتی کام کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران سیوریج لائن کے نیچے اور اوپر کرش بیڈنگ کی موٹائی ڈیزائن کے مطابق نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی۔ پانچ مختلف مقامات پر موٹائی کی پیمائش کی گئی، جو کہ مقررہ معیار سے کم پائی گئی۔ اس ناقص کارکردگی کے باعث تقریباً 800 فٹ طویل کام کو مسترد کرتے ہوئے اکھڑوادیا اور متعلقہ ٹھیکیدار کو سخت ہدایت کہ کنسلٹنٹ کی ٹیکنیکل ٹیم کی نگرانی میں دوبارہ کام جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔
اس کے بعد گورنمنٹ کالونی (پیکیج III) اور نگر کالونی کنوداس میں جاری کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ اس دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے منصوبے میں کام کی سست رفتاری پر برہمی کا اظہار کیا، کیونکہ اس منصوبے کی تکمیل کی حتمی تاریخ 5 اگست 2025 مقرر ہے۔ اس لیے کنٹریکٹر کو سختی سے ہدایت دی کہ کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے مشینری، افرادی قوت اور وسائل میں اضافہ کرے تاکہ مقررہ مدت میں کام مکمل ہو سکے۔ مزید برآں کہ، سڑکوں کے کناروں پر موجود اضافی ملبہ نہ ہٹائے جانے پر بھی ناراضی کا اظہار کیا، جس سے عوام کو آمد و رفت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
تاہم، سی پی او سے نگر کالونی تک مرکزی سڑک پر جاری ترقیاتی کام کی پیش رفت اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی عوامی مفاد میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
Comments are closed.