گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن میں سرمایہ کاری یقیناً ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے سنگ بنیاد بن کر ابھر سکتی ہے

18

کوئٹہ 21 جولائی:۔ گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن میں سرمایہ کاری یقیناً ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے سنگ بنیاد بن کر ابھر سکتی ہے۔ اسے اولین ترجیح دیکر ہم اپنے نوجوانوں کو جدید علم، پیشہ ورانہ مہارتوں اور قابلیت سے آراستہ کرنے ہونگے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کر سکیں اور اپنے معاشرے میں بامعنی حصہ ڈال سکیں۔ صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی تاثیر اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ہم ایکسٹرنل آڈٹ کو لازمی قرار دے رہے ہیں، کیونکہ بیرونی آڈٹ یونیورسٹیوں کے اندر احتساب، مالی سالمیت اور وسائل کے بہترین استعمال کی ضمانت دینے کا ایک اہم طریقہ کار ہے۔ ادارہ جاتی مضبوطی کو برقرار رکھنے اور مسلسل بہتری کو یقینی بنانے کیلئے ہر سرکاری یونیورسٹی کو ہر چھ ماہ بعد سینیٹ کا اجلاس منعقد کرنے کی پابند ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بولان میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے پانچویں سینیٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عامر رانا، بولان میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان کلیم اللہ بابر، ہائرایجوکیشن کے نمائندے ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، فنانس ڈیپارٹمنٹ کے بشیر احمد کاکڑ اور محکمہ تعلیم کے عبدالمالک اچکزئی سمیت سینیٹ کے تمام سینیٹ ممبران موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ کسی بھی یونیورسٹی کے قیام کا بنیادی مقصد جدید علم پر مبنی ریسرچ پیدا کرنا ہے۔ تحقیق کیلئے فنڈز مختص کرنے اور پہلے سے مختص شدہ فنڈز کو صحیح طریقے سے استعمال کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ قدم ہمارے طلباء، فیکلٹی اور وسیع تر کمیونٹی کے مفادات کا تحفظ کریگا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ہمارے ادارے اعلیٰ ترین معیارات کے ساتھ کام کریں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ سینیٹ اور سنڈیکیٹ اجلاسوں کے بروقت انعقاد سے یونیورسٹی کے تمام امور و معاملات پر مثبت اور تعمیری اثرات مرتب ہونگے۔ یہاں چانسلر کے دفتر کی جانب سے، ہم باقاعدگی سے میٹنگز کی سہولت فراہم کرتے ہیں، اسٹریٹجک منصوبہ بندی کو فروغ دیتے ہیں اور یونیورسٹیوں کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل بناتے ہیں۔ سینیٹ اجلاسوں کے تحت ہونے والے فیصلوں سے ہم بلوچستان کے تعلیمی منظرنامے کو مزید بہتر کر سکتے ہیں۔ اجتماع دانش سے نہ صرف تعلیم کے معیار کو بلند کریگا بلکہ جوابدہی میں اضافہ کریگا اور بالآخر ہمارے صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی کو آگے بڑھائے گا۔ بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے 5ویں سینیٹ اجلاس کے شرکاءکی سفارشات اور تجاویز کی روشنی میں کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔

Comments are closed.