فن صرف اظہار نہیں، ایک عہد ہے یہ نوجوان نسل کی سوچ، جذبات اور خوابوں کی تصویر ہوتا ہے: مفتاح اسماعیل، سیکریٹری جنرل عوام پاکستان
کراچی (): کراچی کے ایک مقامی آرٹ سینٹر میں منعقدہ فاسٹ انٹرنیشنل آرٹ کمپیٹیشن میں پاکستان کے باصلاحیت نوجوان فنکاروں نے نہایت جوش و جذبے سے شرکت کی اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا۔ اس مقابلے میں سیکڑوں نوجوان فنکار شریک ہوئے، جن میں بچوں کی پرفارمنس خاص طور پر نمایاں رہی۔اس اہم ثقافتی و تخلیقی ایونٹ میں عوام پاکستان پارٹی کے سیکریٹری جنرل مفتاح اسماعیل اور صوبائی کنوینئر بلوچستان عوام پاکستان پارٹی،سید امان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے مفتاح اسماعیل نے نوجوانوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فن صرف اظہار نہیں، ایک عہد ہے یہ نوجوان نسل کی سوچ، جذبات اور خوابوں کی تصویر ہوتا ہے۔ ایسے پلیٹ فارم پاکستان کے مستقبل کو روشن کرتے ہیں؛کیونکہ یہ نوجوان ہمارے اصل سرمایہ ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی کنوینئر بلوچستان، عوام پاکستان، سید امان شاہ نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو صرف ملازمت کی تلاش تک محدود نہیں رکھنا؛ بلکہ ان کے اندر موجود تخلیقی، سائنسی اور فنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہوگا۔سید امان شاہ نے اس موقع پر علامہ اقبال کا مشہور شعر بھی پڑھا، جو نوجوانوں کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے:نہیں ہے ناامید اقبال اپنی کشت ویراں سے،ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کا نوجوان صرف قلم، برش یا مائیک کے ساتھ نہیں؛ بلکہ اپنی سوچ، کردار اور مقصد کے ساتھ دنیا کو بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔کمپیٹیشن میں مصوری، خطاطی، ڈیجیٹل آرٹ اور ماحولیاتی تھیمز پر مبنی فن پارے شامل تھے، جنہیں ججزنے جانچ کر اعلیٰ درجہ دیا، کئی نوجوان فنکاروں کو مختلف کیٹیگریز میں اعزازات، انعامات اور خصوصی شیلڈز سے نوازا گیا۔تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی مفتاح اسماعیل اور سید امان شاہ نے تمام شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا کہ وہ عالمی سطح پر ایسے مواقع مہیا کر رہے ہیں جہاں پاکستان کے نوجوان اپنی صلاحیتیں منوا سکتے ہیں۔یہ تقریب پاکستان میں تخلیقی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم ہے جو نوجوانوں کو نہ صرف آگے بڑھنے بلکہ عالمی برادری سے جڑنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
جاری کردہ
ترجمان بلوچستان، عوام پاکستان پارٹی
Comments are closed.