پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے اُس جوڑے کے بہیمانہ قتل پر اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سخت مذمت کی ہے،

18

کراچی / کوئٹہ / اسلام آباد / لاہور (20 جولائی 2025) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے اُس جوڑے کے بہیمانہ قتل پر اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سخت مذمت کی ہے، جس کے سفاکانہ قتل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ مذکورہ قتل میں ملوث مجرم بھی درندے ہیں، اور وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قتل میں ملوث مجرموں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ صنفی دہشتگردی ہے، لہذیٰ، حکومتِ بلوچستان کے لیے یہ قتل ایک ٹیسٹ کیس ہونا چاہیے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دینِ اسلام خواتین کو پسند کی شادی کی اجازت اور دستورِ پاکستان اس حق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی کا منشور ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد اور تفریق پر ہماری پالیسی ہمیشہ زیرو ٹالرنس رہے گی۔ انہوں نے بلوچستان سمیت ملک بھر کی خواتین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی پارٹی ملک سے صنفی امتیاز کے خاتمے، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور اُن کی ترقی و خودمختاری کے لیے پرعزم ہے۔

Comments are closed.