بلوچستان: غیرت کے نام پر خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی لرزہ خیز ویڈیو وائرل، ایک ملزم گرفتار، دیگر کی تلاش جاری

17

کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) — بلوچستان میں غیرت کے نام پر دو افراد کے بہیمانہ قتل کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد صوبائی حکومت نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ عیدالاضحی کے ایام میں پیش آیا، تاہم کسی بھی خاندان نے اس کی رپورٹ درج نہیں کرائی تھی۔ حکومت بلوچستان نے ازخود اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

شاہد رند کا کہنا تھا کہ واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حکام حرکت میں آ گئے ہیں۔ ویڈیو کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے اور ان کے کوائف نادرا کو فراہم کر دیے گئے ہیں تاکہ جلد از جلد ان کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک مرکزی ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ باقی ملزمان کے نام حکومت کے علم میں آ چکے ہیں، تاہم تفتیشی عمل مکمل ہونے تک ان کے نام ظاہر نہیں کیے جا رہے۔

ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے عناصر کو بے نقاب کرنے میں حکام سے تعاون کریں تاکہ قانون شکن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے اور آئندہ اس قسم کے دلخراش واقعات کا تدارک کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ غیرت کے نام پر قتل ایک سنگین سماجی مسئلہ ہے جس کے خلاف حکومت بلوچستان نے متعدد بار زیرو ٹالرنس کی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور شہریوں نے حکومت سے فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

Comments are closed.