محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلوچستان کا تین روزہ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس آج کوئٹہ میں مکمل ہو گیا،
کوئٹہ17 جولائی: محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلوچستان کا تین روزہ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس آج کوئٹہ میں مکمل ہو گیا، جس کی صدار نئے تعینات ہونے والے صوبائی سیکرٹری ہاشم خان غلزئی نے کی۔ صوبائی سیکرٹری نے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبد الرحمٰن کھیتران کی ہدایات کی روشنی میں محکمے کی کارکردگی کا تفصیلی اور سخت جائزہ لیا۔ اجلاس میں صوبے بھر میں صاف پانی کی فراہمی اور اس حوالے سے نظام میں بہتری کے لیے کئی اہم اور ٹھوس فیصلے کیے گئے۔ تمام متعلقہ حکام کو دس روز میں صوبہ بھر میں واٹر اسٹوریج ٹینکس کی مکمل صفائی یقنی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔سیکرٹری پی ایچ ای ہاشم خان غلزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہوا کے بعد پانی انسانی زندگی کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور صاف پانی تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے بھر میں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائے گا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اب کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور غیر حاضر یا غیر ذمہ دار افسران کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سیکرٹری نے مزید کہا کہ محکمے میں سخت نظم و ضبط نافذ کیا جا رہا ہے تاکہ تمام ذمہ داران میں نتائج فراہم کرنے کا حقیقی احساس پیدا ہو۔اجلاس میں نارتھ اور ساؤتھ کے چیف انجینئرز، پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ محکمے کی جانب سے اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ تمام فیصلے شفافیت، جوابدہی اور عوامی خدمت کے اصولوں پر مبنی ہوں گے۔ دیانتدار اور فرض شناس افسران کو خصوصی انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا تاکہ مثبت اور ذمہ دارانہ رویوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ یہ وقت عمل کا ہے، اور ہمیں بلوچستان کو ایک صحت مند، خوشحال اور باوقار صوبہ بنانے کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر ایک ترقی یافتہ بلوچستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہمت، جذبے اور نیک نیتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔




