باجوڑ، ناوگئی – 15 جولائی:
وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے باجوڑ کے علاقے ناوگئی میں شہید مولانا خان زیب کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
وفاقی وزیر نے اپنے اور وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے لواحقین کیساتھ دلی تعزیت ، ہمدردی کا اظہار کیا اور مغفرت کی دعا کی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مولانا خان زیب کی شہادت پوری قوم کا نقصان ہے۔
مولانا خانزیب صرف ایک جماعت یا علاقے کے نہیں بلکہ پوری قوم کے شہید ہیں۔
ایسے عظیم لوگ خواہ وہ عوام میں سے ہو یا سیکیورٹی فورسز سے ہو جو قربانیاں دے رہے ہیں وہ قومی ہیرو ہوتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اور سیکیورٹی اداروں کو یکجہتی اور ہم آواز ہو کر آگے بڑھنا ہوگا، تبھی امن قائم ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں حکومت اور پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتی ہے۔
اس موقع پر دیر سے تعلق رکھنے والے، ملائشیا میں مقیم ممتاز کاروباری شخصیت فاروق خان سمیت دیگر معزز شخصیات بھی انجینئر امیر مقام کے ہمراہ تھیں۔



