میرپور (پی آئی ڈی)15جولائی 2025
برطانوی سماجی تنظیم انٹرنیشنل ایمرجنسی ٹیم یوکے کی طرف سے ریسکیو 1122آزادکشمیر کوجدید نوعیت کے 4عدد ریسکیو موٹر بائیک حوالے کیے جن میں جدید ہیلتھ سروسز کے آلات اور ادویات شامل ہیں جو کسی بھی ناگہانی صورتحال /حادثات اور دیگر ایمرجنسی سروسز کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔بالخصوص ہرریسکیو موٹر بائیک ان جگہوں کے لیے زیادہ موثر ہوں گے جہاں تنگ گلیاں اور گاڑیوں اور ایمبولنس سروس نہیں پہنچ سکتی وہاں سماجی تنظیم انٹرنیشنل ایمرجنسی ٹیم یوکے سرپرست اعلیٰ کونسلر مہربان صدیق نے آزادکشمیر کے سیکرٹری اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی چوہدری محمد فرید کو 4 ریسکیو 1122موٹر بائیک کی چابیاں حوالے کیں۔یہ تقریب کمشنر آفس میرپور میں منعقد ہوئی جس میں کمشنرمیرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین، ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض، ڈائریکٹر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سعید قریشی، سابق چیئرمین پاکستان ریڈکریسنٹ چوہدری اعجاز رضا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریسکیو1122سردار نجم الشہاب سندوزی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہری دفاع راجہ اشتیاق احمد،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈی ڈی ایم اے عادل نذیر کے علاوہ ریسکیو1122کی ٹیم بھی موجود تھی۔سیکرٹری اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی چوہدری محمد فرید کے ہمراہ ایمرجنسی ٹیم یوکے کے سرپرست اعلیٰ کونسلر مہربان صدیق نے فیتہ کاٹ کر ریسکیو موٹر بائیک کی تقریب کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی چوہدری محمد فرید نے انٹرنیشنل ایمرجنسی سروسز ٹیم یوکے کی طرف سے 4عدد ریسکیوموٹر بائیک آزاد جموں وکشمیر ریسکیو1122کے حوالے کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ان چار عدد ریسکیوموٹر بائیک کو ریسکیو1122کے لیے نہایت ہی موثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122آزادکشمیر میں ہر قسم کے حادثات،ناگہانی واقعات اور قدرتی آفات میں انسانی جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔انھوں نے کہا کہ جہاں ریسکیو کی گاڑیاں یا ایمبولنس سروسز نہیں پہنچ سکتی وہاں یہ ریسکیو موٹر بائیک عوام الناس کی جانوں کو بچانے کے لیے بروقت موقع پر پہنچ کر ریسکیو کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارا لحق اور حکومت کی طرف سے ریسکیو 1122اور ایمرجنسی سروسز کے اداروں اور ٹیم کی کارکردگی کو ہمیشہ سراہا گیا ہے جس کے باعث ایمرجنسی سروسز کی ٹیم بھمبر سے لے کر تاؤ بٹ تک ہرقسم کے حادثات،قدرتی آفات،سیلاب،زلزلوں،لینڈ سلائیڈنگ،روڈ ایکسیڈنٹ،دریاؤں،ندی نالوں اور منگلا جھیل میں ڈوبنے والوں کی زندگیاں بچانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز کے جملہ افسران اور ملازمین دن رات ڈیوٹی کرتے ہیں یہ ہمارے قومی ہیرو زہیں جو اپنی جان خطرات میں ڈال کر دوسروں کی زندگیاں محفوظ بناتے ہیں۔
کمشنر چوہدری مختار حسین نے خطاب کرتے ہوئے مہربان صدیق کی طرف سے چار عدد جدید ریسکیو موٹر بائیک آزاد جموں وکشمیر ریسکیو 1122کے حوالے کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت آزادکشمیر اور عوام الناس کی طرف سے سماجی تنظیم انٹرنیشنل ایمرجنسی ٹیم یوکے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ڈونیشن سے میرپور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں ایمرجنسی سروسز کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات میں لوگوں کی جانوں کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔انھوں نے اوورسیز کی طرف سے اپنے آبائی وطن کے لیے دی جانے والی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انھوں نے کہا کہ دیار غیر میں رہ کر اوورسیز وطن کی محبت میں جو بے لوث خدمات سرانجام دے رہے ہیں ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں آباد ہمارے اوورسیز کشمیری ریاست کی تعمیر و ترقی میں جہاں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں وہاں وہ ان کی انسانیت کی خدمت کے لیے سماجی خدمات کو بھی ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انٹرنیشنل ایمرجنسی ٹیم یوکے کے سرپرست اعلیٰ کونسلر مہربان صدیق نے کہا کہ ابتدائی طور پر انٹرنیشنل ایمرجنسی ٹیم یوکے کی طرف سے ریسکیو 1122میرپور ڈویژن کو چار ریسکیو موٹر بائیک دیے جارہے ہیں جبکہ آئندہ کے لیے ریسکیو موٹر بائیک مزید بھی دیے جائیں گے۔انھوں نے بتایا کہ ان کی تنظیم گزشتہ کئی سالوں سے پنجاب ریسکیو1122کی معاونت اور ایمرجنسی سروسز کی تربیت دے رہی ہے اب ہماری کوشش ہے کہ اس ٹریننگ پروگرام میں آزادکشمیر کے ریسکیو 1122کو بھی شامل کیا جائے۔انھوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ آزادکشمیر ریسکیو1122اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے انسانی جانوں کو بچانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کی ہر ممکن معاونت کریں گے۔قبل ازیں سیکرٹری اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی چوہدری محمد فرید اور انٹرنیشنل ایمرجنسی ٹیم یوکے کے سرپرست اعلیٰ مہربان صدیق جب کمشنر آفس پہنچے تو ریسکیو1122کے اہلکاروں نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور انھیں پھول پیش کیے گے۔




