جولائی: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑنے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے کیپیٹل ہاؤس کا دورہ کیا، انہوں نےبطورمہمانِ خصوصی ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ اور نجی شعبے کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ملاقات میں بلوچستان کے خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) خصوصاًبوستان اورحب کے زونز کو ترقی دینے اور ان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔مسٹر بلال خان کاکڑ نے اپنے خطاب میں کہاکہ بلوچستان خطے کی تجارت کا دروازہ ہے۔ ہمارے اقتصادی زونز خاص طور پر بوستان اور حب، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے دور کا آغاز کر سکتے ہیں،بلوچستان میں قدرتی وسائل، نوجوان افرادی قوت، اور منفرد جغرافیائی رسائی موجود ہے،یہ تمام عوامل سرمایہ کاری کے لیے ایک مثالی ماحول فراہم کرتے ہیں،ہم صرف انفراسٹرکچر پر نہیں بلکہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور کاروباری مواقع فراہم کرنے پر بھی بھرپور توجہ دے رہے ہیں جو سرمایہ کار آج بلوچستان میں آئیں گے وہ ایک خوشحال اور پائیدار اقتصادی مستقبل کے معمار بنیں گے،اس موقع پرایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے بلوچستان میں صنعتی ترقی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت کو سرمایہ کاروں کے لیے مراعات، تحفظ، اور SEZs کی جلد عملی صورت دینے کے اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے بلوچستان سمٹ 2025میں بھرپور شرکت کا اعلان بھی کیا۔



