معصوم و بے گناہ مسافروں کو مارنے سے بلوچستان آزاد نہیں ہو سکتا نہ ہی اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے کسی سیاسی مقصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے صوبائی اسمبلی معروف سماجی و سیاسی رہنماءماہ جبین شیران
کوئٹہ 14جولائی ۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی معروف سماجی و سیاسی رہنماءماہ جبین شیران نے اپنے ایک بیان میں بلوچستان کے ضلع ڑوب میں سرڈھاکہ کے مقام پر بے گناہ مسافروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ”معصوم و بے گناہ مسافروں کو مارنے سے بلوچستان آزاد نہیں ہو سکتا نہ ہی اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے کسی سیاسی مقصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔”انہوں نے کہا کہ واقعے میں بے گناہ پنجابی مسافروں کو ان کی زبان اور شناخت کی بنیاد پر چن چن کر قتل کرنا انسانیت کے خلاف جرم ہے جو نہ صرف ظلم و بربریت کی انتہا ہے بلکہ اس سے دہشتگردوں کا گھناونا چہرہ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ ماہ جبین شیران نے کہا کہ”صوبہ بلوچستان تمام اقوام کا صوبہ ہے اور پنجابی، پشتون، بلوچ، سرائیکی، ہزارہ اور دیگر قومیتوں کے لوگ یہاں مل جل کر صدیوں سے بھائی چارے سے رہ رہے ہےں۔ کسی ایک قوم یا شناخت کو نشانہ بنانا ملکی یکجہتی پر حملہ ہے۔”انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ریاست سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشتگردوں کو فوری طور پر کیفر کردار تک پہنچائیں۔ ماہ جبین شیران نے کہا کہ وہ اس وقت عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ میں موجود ہیں اور مقدس مقامات پر پاکستان و بلوچستان کے امن، اتحاد اور مظلوموں کے لیے خصوصی دعائیں کر رہی ہیں۔




